آسٹریلیا:جنگلاتی آگ سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر کیلئے76ملین ڈالر مختص

Jan 20, 2020

کینبرا(انٹرنیشنل ڈیسک+این این آئی )آسٹریلوی حکومت نے جنگلاتی آگ کے بعد ملک کے سیاحتی شعبے کیلئے مالی تعاون کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا کہ اس آتشزدگی سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر کے لیے 76 ملین آسٹریلوی ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ ابھی کچھ دن قبل ہی وزیر اعظم موریسن نے جانوروں کے تحفظ کے لیے پچاس ملین ڈالر کا اعلان کیا تھا۔ادھرآسٹریلوی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز، کوئینزلینڈ اور وکٹوریہ کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارشوں نے جنگلاتی آگ تو بجھا دی ہے لیکن یہ سیلاب کا سبب بھی بن گئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا کہ آسٹریلیا کی متعدد ریاستوں میں طوفانی بارشوں نے ایک نئی تباہی پھیلا دی ہے۔ اس وسیع و عریض ملک کے امدادی کارکنوں کو اب جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں سے بھی نمٹا رہے ہیں۔فائر فائٹرز کے مطابق آگ سے متاثرہ اس ریاست کے بالخصوص جنوبی ساحلی علاقوں میں ابھی تک نمی کا کوئی نشان نہیں ہے۔ ان علاقوں میں ابھی بھی 75 مقامات ایسے ہیں، جو آگ کی لپیٹ میں ہیں جبکہ پچیس مقامات پر لگی ہوئی آگ ابھی تک بے قابو ہے۔علاوہ ازیں آسٹریلیا میں لگنے والی آگ سے جہاں ایک ارب سے زائد جانور ہلاک ہوگئے وہیں ایک ایسا کینگرو بھی موجود ہے جو اپنے والدین گنوا چکا۔ایسے میں وہ اپنا غم انسان کو سمجھا تو نہیں سکتا لیکن سوشل میڈیا پر اس کی ایک تصویر ضرور وائرل ہوئی ہے جسے دیکھ کر اس کے غم کا اندازہ ہوتا ہے۔تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کینگرو اپنی گود میں کھلونا ٹیڈی بیئر کو لیے ہوئے ہے اور اسے زور سے بوسہ بھی دے رہا ہے۔

مزیدخبریں