کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات پر سنجیدگی دکھائی ہے۔ ایم کیو ایم نے جو وعدے کیلے وہ پورے کر دیئے۔کراچی ستر سال سے کمٹمنٹ پوری کر رہا ہے۔ شہرکے مسائل بھی حل کئے جائیں۔ کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں ملک میں مہنگائی ہے لیکن موجودہ حکومت کو خراب معاشی صورتحال ملی‘ سب سے پہلے ملک میں مہنگائی کو کم کیا جائے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی شہر ملک کا دماغ اور چہرہ ہے۔ اس کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ناممکن ہے۔ شہرکو امن کے ساتھ حقوق دلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ مخالفین ہمارے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ہماری جماعت میں تقسیم کا خواب دیکھنے والے یہ خواب دیکھتے رہ جائیں۔