آٹے کی قلت: عثمان بزدار جڑانوالہ پہنچ گئے، اے سی تبدیل، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر معطل

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اتوار کے روزجڑانوالہ اور سمندری کے اچانک دورے کیے۔ تھانہ، آٹا سیل پوائنٹس اور ہسپتالوں پر چھاپے مار کر صورتحال کا جائزہ لیا اور دونوں شہروں میں صفائی کے انتظامات بھی چیک کیے۔ وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی کی عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ اسسنٹ فوڈ کنٹرولر اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار اچانک جڑانوالہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائے سیل پوائنٹ پر عوام کو آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے مصافحہ کیا اور وزیراعلیٰ نے شہریوں سے آٹے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اور انہیںحکومت پنجاب کی طرف سے آٹے کے تھیلے دیئے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بعض شہریوں کی جانب سے آٹے کی کم دستیابی کی شکایت پرفوری ایکشن لیا اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ جس پر اے سی جڑانوالہ کو او ایس ڈی کردیا اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرجمیل گجرکو معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس وافر گندم موجود ہے ۔ آٹے کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ میں عوام سے ہوں اور عوام کو آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں نکلا ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے شہر میں آٹے کے سیل پوائنٹس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے سیل پوائنٹس پر آٹا مقرر کردہ نرخوں پردستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مختلف شہروں کے دور ے کر کے آٹے کی صورتحال کا جائزہ لیتا رہوںگا۔ تھانہ سٹی جڑانوالہ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے حوالات میں بند ملزموں سے ہاتھ ملایا اوران کے مسائل پوچھے۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے شکایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ معطل کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جڑانوالہ شہر کی گلیوں کی صفائی کو بھی بہتر بنایا جائے۔ صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کی جائے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار جڑانوالہ سے اچانک سمندری پہنچ گئے۔ آٹا سیل پوائنٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیل پوائنٹ پر شہریوں میں خود آٹے کے تھیلے تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں آٹا وافر دستیاب ہے ۔20کلو آٹے کا تھیلا805روپے میں مل رہا ہے۔ جہاں پر بھی آٹے کی کم دستیابی کی شکایت سامنے آئی فوری ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمندری کا دورہ کرکے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوردستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی پوچھے۔ ایمرجنسی کو 24گھنٹے فنکشنل ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں گندم اورآٹے کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ ہم نے فلور ملوں کیلئے آٹے کی سپلائی میں اضافہ کردیا ہے۔ میں خود فیلڈ میں موجود ہوں اورزمینی حقائق سے باخبر ہوں۔ کسی کو بھی اپنے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دوںگا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے میں پنجاب انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کو آئندہ مالی سال سے شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو جلد فنکشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کو رواں برس آپریشنل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارچک نمبر 16/69 سید والا جڑانوالہ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے پرسنل سٹاف آفیسر حیدر علی کی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے پڑھائی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حیدر علی سے ان کی والدہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ حید رعلی کی والدہ مرحومہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج(20جنوری) سید والا انٹرچینج ایم تھری کے قریب چک نمبر 16/69 میں ہوگی۔ پی ایس او حیدر علی کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا11 بجے کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...