اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم، موقع پرستوں کے وارے نیارے ہو گئے: شہباز شریف

Jan 20, 2020

لندن (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم ہے۔ شہباز شریف نے ملک میں آٹے کے بحران پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گندم کا بحران عوام کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کے کردار سامنے لانا ہوں گے، 16 ماہ میں گندم کے ذخائر کہاں گئے، ذخائر کم تھے تو برآمد کرنے کا فیصلہ کیوں ہوا، جب ملک میں کمی تھی تو گندم اور آٹا ملک سے باہر کیوں بھیجا گیا، تحقیقات کی جائیں کہ کس کے حکم پر آٹا بیرون ملک بھجوایا گیا، ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم ہے، اس افراتفری میں چند موقع پرستوں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں، قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک و قوم کا نقصان کرکے کس نے فائدہ اٹھایا، اگر عمران خان لاعلم ہیں تو وہ نالائق ہیں اور اگر ان کی مرضی سے ہورہا ہے تو پھر وہ کرپٹ عناصر کے سرغنہ ہیں۔ 16 ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا۔ ہر شعبے کی تنزلی کو بریک نہ لگا تو چند ماہ بعد حالات ٹھیک کرنے کے لئے کسی معجزہ کی ضرورت ہوگی۔ صورتحال کی تنزلی کا یہی عالم رہا تو 3 ماہ بعد کا سوچ کر خوف آرہا ہے۔ معاشی ماہرین کے تجزیات درست ہیں تو آنے والا وقت قوم کی چیخوں کو آسمان پر پہنچا دے گا۔

مزیدخبریں