کینبرا(این این آئی)آسٹریلوی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز، کوئینزلینڈ اور وکٹوریہ کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارشوں نے جنگلاتی آگ تو بجھا دی ہے لیکن یہ سیلاب کا سبب بھی بن گئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا کہ آسٹریلیا کی متعدد ریاستوں میں طوفانی بارشوں نے ایک نئی تباہی پھیلا دی ہے۔ اس وسیع و عریض ملک کے امدادی کارکنوں کو اب جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں سے بھی نمٹنا ہو گا۔حکام نے بتایا کہ شدید ترین بارشوں کی وجہ سے کوئینز لینڈ میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، جہاں کئی گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔آسٹریلوی ریاست نیو ساوتھ ویلز میں 4.9 ملین ہیکٹر علاقہ جنگلاتی آگ سے متاثر ہوا ہے اور اب اس ریاست میں شدید بارش اور خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اس ریاست کے شہری قبل ازیں جنگلاتی آگ کی وجہ سے بارش کی دعائیں کر رہے تھے۔فائر فائٹرز کے مطابق آگ سے متاثرہ اس ریاست کے بالخصوص جنوبی ساحلی علاقوں میں ابھی تک نمی کا کوئی نشان نہیں ہے۔ ان علاقوں میں ابھی بھی 75 مقامات ایسے ہیں، جو آگ کی لپیٹ میں ہیں جبکہ پچیس مقامات پر لگی ہوئی آگ ابھی تک بے قابو ہے۔
آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ کے بعد سیلاب نے نئی تباہی پھیلادی
Jan 20, 2020