کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار حصص میں شدید مندی ریکارڈ 

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوکاروبار حصص میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 420.14پوائنٹس کی کمی سے 42747.62پوائنٹس کی سطح پرآگیا جب کہ75.63فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 51ارب20کروڑ51لاکھ روپے کاخسارہ ہوا اور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 17.74فیصدکم رہا۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے اینگرو فرٹیلائز ر، ٹی آر جی پاک، بینک آف پنجاب،ورلڈ کال ٹیلی کام ،سمٹ بینک ،پاک انٹر بلک ،اینگرو پولیمر ،میپل لیف ،کے الیکٹرک اور فوجی فرٹیلائزر کے شیئرز نمایاں رہے ۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی گیس کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے پیش نظر منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کار حصص خریداری کے بجائے فروخت کو ترجیع دیتے رہے جس کے باعث مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے42632پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا بعد ازاں ریکوری آئی اورانڈیکس کی42700کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحان غالب رہااورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 420.14پوائنٹس کی کمی سے 42747.62پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس198.43پوائنٹس کی کمی سے 19798.84پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 189.84پوائنٹس کی کمی سے29808.60پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر353کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے70کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ267میں کمی اور16میں استحکام رہا ۔مندی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں  51ارب20کروڑ51لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر80کھرب 33ارب93کروڑ25لاکھ روپے ہوگیا۔پیر کو17کروڑ38لاکھ97ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جوجمعہ کی نسبت3کروڑ75لاکھ6ہزار شیئرزکم ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن