لاہور (کلچرل رپورٹر)پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر آندریاس فیراریس نے لاہور آرٹس کونسل الحمراء کا دورہ کیا۔چیئرپرسن بورڈ آف گورنرزلاہور آرٹس کونسل منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے نے ان کا استقبال کیا ،اٹلی کے سفیر نے الحمراء سٹوڈیو ،گیلری،ہالز اور مختلف شعبے دیکھے اور الحمراء کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تہذیبی و ثقافتی حسن قابل ستائش ہے،الحمراء عالمی سطح پر پاکستان کی ثقافتی پہچان ہے۔ملاقات میں ثقافتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،باہمی مفاہمت کے تحت ایک دوسرے کیساتھ ملکر کام کرنے کے عز م کا اعادہ کیا گیا۔ڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی،اعزازی قونصلر فہداقبال،اٹلی قونصل خانے کے سیکرٹری ریاض حسین بھی ہمراہ تھے۔ چیئرپرسن الحمراء منیزہ ہاشمی نے کہا کہ پاکستان محبتوں کے پرچار کی سرزمین ہے ،دُنیا ہماری اقدار کی معترفہے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے نے انہیں الحمراء آرٹس کونسل کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ الحمراء کا پلیٹ فارم دُنیا بھر کے ثقافتی رنگوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کر چکا ہے،الحمراء اپنی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کا سوفٹ امیج پیش کر رہا ہے۔پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر آندریاس فیراریس‘ لاہور آرٹس کونسل الحمراء کی سرگرمیوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے ،انھوں نے پاکستانی موسیقی سنی اور ربا ب بھی بجایا اور کہا کہ اٹلی کے لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔