کیسی جمہوریت؟

مکرمی! حزبِ اقتدار تمام وقت اور وسائل اقتدار بچانے پر خرچ کر رہی ہے جبکہ حزبِ اختلاف اقتدار چھیننے پر۔ دونوں کو عوامی مسائل کے حل کی ضرورت ہے نہ فرصت ، آج ہر لیڈر ایک دوسرے پر سنگین بلکہ شرم ناک الزام لگا رہا ہے اگر انہیں درست تسلیم کیا جائے تو سب مجرم اور غلط تسلیم کئے جائیں گے اور سب جھوٹے قرار پائیں گے۔ ہمارا ملک آزادی کے بعد سے آج تک اس راہ پر نہ چل سکا۔ جس کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا اور جس کیلئے قائداعظمؒ نے جدجہد کی تھی۔ دونوں کے ذہنوںمیں پاکستان کا تصور ایک فلاحی اسلامی ریاست کا تصور تھا۔ آج ہمارا ملک سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اربوں ڈالر کا مقروض ہو چکا ہے۔ آج ہم آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک اور دیگر ممالک کے قرضوں کا سود بھی ادا نہیں کر سکتے۔ بلکہ قرضوں کاسود اداکرنے کیلئے مزید قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔ پاکستانی عوام کی سب سے بڑی ضرورت امریکہ ، آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات ، ملک کی اچھی لیڈر شپ، مہنگائی ، بے روزگاری کا خاتمہ ہے۔ (مہر منظور جونیئر ، ساہی وال سرگودھا) 

ای پیپر دی نیشن