پی ڈی ایم ٹولے کا تماشا ان کے منہ پرطمانچہ‘ آئندہ بھی رسوائی ملے گی: فردوس عاشق 

Jan 20, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ناکام جلسوں اور نامراد ریلیوں سے ہزیمتوں کا ٹوکرا سر پر اٹھائے PDM کے سرکسی فنکار ملک بھر میں بری طرح پِٹنے والے سیاسی سرکس کا Repeat Telecast  الیکشن کمیشن آفس کے سامنے دکھائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سلطنت درباریاں کی جعلی راجکماری کنیزوں اور چیلوں کے ہمراہ وہی پرانے راگ الاپ کر عوام کو بیزار کریگی۔ حصول اقتدار کیلئے ایڑیاں رگڑتے فضل الرحمن بدستور مدرسے کے طالبعلموں کو سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ایک بار پھر اقتدار کے حلوے سے محروم رہ جائینگے۔ جبکہ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا  PDM کیساتھ بارہا ہاتھ کرنے والا لاڈلہ شہزادہ ٹی وی سکرین کے سامنے بیٹھا کھوکھلی بڑھکوں پر مبنی تماشا انجوائے کریگا۔ ایک بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کا سیاسی تماشہ ان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں۔ عقل سے عاری اپوزیشن نے پہلے بھی نان ایشوز پر سیاست چمکا کر اپنی جگ ہنسائی کرائی اور اب بھی انہیں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑچکی ہے۔ سندھ کے شہزادے نے راہیں جدا کرلی ہیں اور راجکماری بھی جلد مولانا سے راستے الگ کرلے گی۔ استعفوں اور لانگ مارچ کی گیدڑ بھبکیاں دینے والے جعلی شیر گیدڑوں سے بھی ڈرپوک نکلے ہیں۔

مزیدخبریں