پاکستان میں اطالوی سفیر اینڈریاس کی لاہو رچیمبر کے عہدیداروں سے ملاقات

Jan 20, 2021

لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فراررز نے کہا ہے کہ اٹلی اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے جس کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور سینئر نائب صدر ناصر حمید خان سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین چودھری خادم حسین اور شاہد نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اس کی معیشت مضبوط اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جن سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستانی تاجروں کو تین سے پانچ سال کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے اور باہمی تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ اٹلی یورپ میں پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے ، دوطرفہ تجارت میں اصافہ خوش آئند ہے مگر تجارت میں اضافے کی وافر گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019میں پاکستان کی اٹلی کو برآمدات کا حجم 810ملین ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 937ملین ڈالر رہا۔ 

مزیدخبریں