اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا ہے کہ خوشی ہے پاکستان چین اقتصادی راہداری صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔ سیکرٹری منصوبہ بندی مطہر نیاز رانا نے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت دوطرفہ تعلقات کے منصوبوں اور دسویں جے سی سی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں نے حالیہ ہفتوں میں منعقدہ جے ڈبلیو جی کے اجلاسوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ فروری میں آئندہ 10 ویں جے سی سی کے لئے کوئی تاریخ طے کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ سی پیک صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔ منصوبہ دونوں دوست ممالک کے مابین دیرینہ دوستی کو ظاہر کرتا ہے۔ جس کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ سی پیک پاکستان کے لئے خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہو گا۔ سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان کی ترقی کا سفر آگے بڑھے گا۔ سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں بڑے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان میں ابتدائی مرحلے کے منصوبے مکمل ہوگئے جن کی تکمیل سے پاکستان کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ بجلی کے پیداوار سے متعلق منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی قلت کا مسئلہ حل ہو گیا۔ گوادر بندرگاہ فعال ہوگئی، جس کی وجہ سے پاکستان کی درآمدات اور برآمدات پر مثبت اثر پڑا ہے۔ لاہور میں میٹرو ٹرین کے افتتاح سے شہر کے اندر تیز اور بروقت سفر کی سہولت سے شہری خوش ہیں۔ سی پیک کے تحت ایک اور اہم منصوبہ ایم ایل ون ہے جس کی تکمیل سے پورے پاکستان اور خاص طور پر پشاور کے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے مستقبل میں پشاور شہر کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ یہاں تک کہ وسطی ایشیا کے لینڈ لاکڈ ممالک بھی اس سے مستفید ہوں گے۔