پی ڈی ایم کا بیانیہ دشمن قوتوں کے بیانئے سے مطابقت رکھتا ہے: شاہ محمود 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ پاکستان کی دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے۔ کراچی میں اسرائیل نامنظور بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے خطے کی صورتحال اور پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل بھارت کا اصلی چہرہ دکھا رہا ہے۔14 نومبر کو ڈوزیئر میں ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔ یورپی یونین ڈس انفولیب کی حالیہ چشم کشا انکشافات پر مبنی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جھوٹی پراپیگنڈہ مہم شروع کی۔ ارنب گوسوامی کی چیٹ منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا جو بھارت نے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا۔ بھارت کی بی جے پی سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کیلئے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لے لی۔ دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے جو سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے ، دنیا جان چکی ہے کہ وہ بھارت جسے وہ سیکولر ریاست سمجھتے تھے اس پر ایک فاشسٹ ہندوتوا حکومت مسلط ہے، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، ہم چاہتے ہیں بین الافغان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں اور اپنے منطقی انجام تک پہنچیں ، افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر ہیں جو اسپائلر (خرابی)کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جا رہے ہیں، جب حکومت، فلسطین کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کر چکی ہے تو پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں میرے بیانات ریکارڈ کا حصہ ہیں، جبکہ وزارتِ خارجہ اس حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف دے چکی ہیں۔ پھر ایسے بینرز لگانے کا مقصد محض سیاست کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ کراچی میں کچھ عناصر احتجاج کیلئے مدرسے کے طالب علموں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ملک کیلئے اور معیشت کیلئے صحیح قدم نہیں۔  پیپلزپارٹی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے وہ پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کر رہی ہے، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...