حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت ) حافظ آبادپولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کیلئے شہری علاقوں میں چوکیدار ا نظام اور دیہی علاقوں میں ٹھیکری پہرہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ڈی پی او حافظ آباد سید حسنین حیدر کی جانب سے تمام تھانہ جات کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ موسم سرما میں جرائم پیشہ عناصر دھند اور سنسان گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوری کی وارداتیں کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں جن کی بیخ کنی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو ڈی پی او حافظ آباد سیدحسنین حیدر کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ شہر و قصبہ جات میں بذریعہ انجمن تاجراں اور دیہی علاقوں میں بذریعہ نمبر داران چوکیدارا اور ٹھیکری پہرہ کے نظام کو فعال کیا جائے ۔