اسلام آباد (عبداللہ شاد) 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے۔ روایت کے مطابق اس موقع پر کسی ملک کا سربراہ اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتا ہے۔ مگر یہ ہندوستانی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ مسلسل دوسرے برس اس تقریب میں بیرون ملک کا کوئی ریاستی سربراہ تقریب میں شرکت نہیں کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کو تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ گذشتہ برس بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے سکھوں نے مشتعل ہو کر ٹریکٹروں پر لال قلعے کا رخ کیا تھا اور سکھ نوجوانوں نے لال قلعے پر خالصہ پرچم لہرا دیا تھا۔ اس واقعے سے بھارت کو عالمی سطح پر انتہائی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔