اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت کے نقطہ نظر کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ ملک میں خواتین، خصوصی افراد اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے۔ صدر مملکت نے اپنے ایک انٹرویو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات بڑھ کر تقریباً 2 ارب ڈالر ہو گئی ہیں جو اس سال کے آخر تک ساڑھے 3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی، تین چار سال میں ملک کی دیگر مصنوعات کے مقابلے میں آئی ٹی کی برآمدات زیادہ ہونے کا امکان ہے، 27-2026 تک آئی ٹی برآمدات 8 سے 10 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔