اپوزیشن جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے تعاون کرے، شاہ محمود: اماراتی سفیر کی ملاقات 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ این این آئی‘ اے پی پی) وزارت خارجہ میں پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 17 جنوری کو حوثی ملیشیا کی جانب سے ابوظہبی کے شہری علاقوں میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں پاکستانی شہری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ابوظہبی کے شہری علاقوں پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی۔ اور جانی نقصان پر افسوس کیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے  تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس عزم کا اظہار متحدہ عرب امارات کے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستان پویلین کے دورے کے دوران کیا جہاں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود نے ان کا استقبال کیا۔ عبداللہ بن زاید النیہان نے ابوظہبی میں دہشت گردی کے حملے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے  پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مقتول کی میت کی وطن واپسی اور حملے میں زخمی ہونے والے دو پاکستانیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستانی سفیر افضل محمود نے دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں اپوزیشن جماعتوں سے مدد مانگ لی۔ ٹویٹ میں کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام سے علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالا قومی مفاد میں آئینی ترمیم پر اتحاد ضروری ہے۔ لہذا اپوزیشن رہنما جنوبی پنجاب صوبے کو حقیقت بنانے میں ساتھ دیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بحیثیت جماعت جنوبی پنجاب بطور آزاد صوبہ تسلیم کرانے پر کام جاری ہے اور ساتھ ہی اصلاحات کے ذریعے، ہماری توجہ سماجی اور اقتصادی ترقی ہے۔ جنوبی پنجاب میں ضلعی ترقیاتی رابطہ کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں، ہمیں مل کر جنوبی پنجاب کے قیام کیلیے آئینی ترمیم پر اتفاق رائے حاصل کرنا چاہیے، اپوزیشن رہنما جنوبی پنجاب کے عوام کی دیرینہ خواہش کو مقدم رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن