منی بجٹ سے ہونیوالی مہنگائی حکمرانوں کو لے ڈوبے گی: ابوالخیر محمد زبیر 

Jan 20, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان (نورانی)کے مرکزی صدرو ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے منی بجٹ کے نتیجہ میں ہونیوالی مہنگائی حکمرانوں کو لے ڈوبے گی ۔ عوام مہنگائی کے نئے سیلاب کو برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے ، بجلی پیٹرولیم مصنوعات ،خوردنی آئل اور گھی سمیت دیگر اشیاء صرف کی قیمتوں میں طالمانہ اضافہ عوام کے خلاف موت کا پروانہ ہے ،ضمنی بجٹ میں عوام پر360ارب کاٹیکسز کی مد بوجھ ڈالا گیا ہے جو غریب عوام کے ساتھ بہت بڑا مذاق اور ملک کی 90فی صد آبادی کو بھوک اور افلاس کے موت کے منہ میں ڈالنا ہے دوسری جانب کاشتکار طبقہ بھی حکمرانوں کے ظلم کا شکار ہے جو یوریا کھاد کے لئے مارا مارا پھر رہا ہے۔ ریاست مدینہ میں عوام کو مہنگائی کے سونائی میں زندہ درغور نہیں کیا جاتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعتی ساتھیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیر صفدر شاہ مفتی نعیم جاوید نوری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر زبیر کا مزیدکہنا تھا کہ مہنگائی ، بے روز گاری اور بجلی کے بحران سے تنگ عوام کے سینوں میں ایک نیا لاوا پکنا شروع ہو گیا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے انتہائی مؤثراقدامات کرے۔
 انہوں نے کہا کہ وطن عزیز تمام نعمتوں سے مالا مال ملک ہے مگر حکمرانوں کی نااہلیوںنے غریب عوام کو فاقہ کشیوں پر مجبور کر رکھا ہے عوام سبزیوں ،پھلوں اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیںجبکہ سرمایہ دار ناجائز منافع خوری کررہے ہیں جنہیں کنٹرول کرنے والا کوئی نہیں۔

مزیدخبریں