اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے ملاقات ۔ وفاقی وز یر نے سفیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ 74 سال قبل قیام پاکستان کے بعد سے پاکستان اور ایران دونوں کے مضبوط ثقافتی، تاریخی اور مذہبی تعلقات ہیں۔ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور انسانی حقوق کے لئے عالمی سطح پر اپنے اجتماعی خدشات کے متعلق آواز اٹھانے کیلئے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔خطے اور خاص طور پر ایران کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں تمام بین الاقوامی وعدے پورے کرنے کے بعد بھی یک طرفہ پابندیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان ایک خوفناک بحران سے گزر رہا ہے جس میں ایران اور پاکستان دونوں گزشتہ 40 سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں اور ایران اپنی بے پناہ امداد افغان عوام تک پہنچا رہا ہے