نسلہ ٹاور کیس، بلڈرز کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

Jan 20, 2022

کراچی(نیوز رپورٹر)   سیشن عدالت نے نسلہ ٹاورکیس میں بلڈرزعبد القادراورولایت خان کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرتے ہوئے 10،10لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیشن عدالت میں نسلہ ٹاورکیس میں بلڈرز کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بلڈرز عبد القادراورولایت خان کی ضمانت قبل از گرفتاری  کی عبوری ضمانت 22 جنوری تک منظور کر لی۔ دوران سماعت سیشن عدالت نے ملزمان کو 10،10لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے اور شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔ خیال رہے نسلہ ٹاورکیس ملزمان عبد القادراورولایت خان کے خلاف تھانہ فیروز آباد میں مقدمہ درج ہے ، سپریم کورٹ کے حکم پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ گذشتہ روز نسلہ ٹاورکیس میں سندھی مسلم سوسائٹی کے سابق اعزازی سیکریٹری کو گرفتار کیا گیا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ سندھ مسلم سوسائٹی نیمزمل درزی نامی شخص کو غیرقانونی قبضہ دیا،سوسائٹی اوردیگراداروں کی ملی بھگت سے سروس روڈپرقبضہ کرایاگیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا ملزم نویدبشیر سے اہم معلومات اوردستاویزات ملنے کاامکان ہے، ملزم شاطر اور چالاک ہے، تفتیش کیلئے ریمانڈ دیا جائے، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کو21جنوری تک ریمانڈپرپولیس کے حوالے کردیا۔

مزیدخبریں