لاہور(وقائع نگار)سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کی زیر صدارت محکمہ جنگلات کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام چیف کنزرویٹرز سمیت محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات کی زون وائز کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور موسم بہار کی شجرکاری کے اہداف کے تعین پر غور و خوض ہوا۔ اس موقع پر مون سون شجرکاری مہم کا تقابلی جائزہ بھی لیا گیا۔ جس کی روشنی میں جولائی 2022ء تک زون وائز شجرکاری کے ٹارگٹ متعین کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کے افسران نے اہداف سے بڑھ کر شجرکاری ٹارگٹ حاصل کیا ۔جس پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے بھی تحسین کی گئی ہے۔ شاہد زمان نے اجلاس کو ہدایت کی کہ اسی جذبے کے ساتھ موسم بہار میں بھی شجرکاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم میں بہتر کارکردگی کے حامل ضلع کے افسران کو تعریفی اسناد بھی جاری کی جائیں گی۔ سیکرٹری جنگلات نے موسم بہار کی شجرکاری کیلئے آگاہی مہمات بالخصوص پنجاب بھر میں واکس، سیمینارز اور دیگر آگہی سرگرمیوں پر زور دینے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں مفت پودوں کی تقسیم کیلئے لائحہ عمل طے کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔