کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ثانیہ مرزا نے آسٹریلین اوپن ویمنز ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا آخری ٹینس سیزن ہوگا۔ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کی کئی وجوہات ہیں لیکن سادہ سی بات یہ ہے میں نہیں کھیلوں گی، میری ریکوری طویل ہو رہی ہے اب مجھے 3 سال کے بیٹے کا بھی سوچنا ہے، بیٹے کے ساتھ زیادہ سفرکرکے اسے بھی خطرے میں نہیں ڈال سکتی۔ 35 سالہ ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ میرے گھٹنے مجھے تکلیف دے رہے ہیں،جسم ساتھ نہیں دے رہا، میں ہارنے کی کوئی وجہ نہیں بتا رہی، حقیقت یہ ہے جوں جوں میں بڑی ہو رہی ہوں،ریکوری وقت لے رہی ہے۔