دبئی(این این آئی) دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے میں شامل سورہ رحمٰن کی دبئی ایکسپو2020 میں پاکستانی پویلین میں نمائش کی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق پاکستانی پویلین میں پیش کی جانے والی سورہ رحمٰن دنیا میں سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے کا حصہ ہے۔ چودہ سوسال سے زائد کی اسلامی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب سورہ رحمٰن کے الفاظ ایلمونیم اورسونے سے تحریر کئے گئے ہیں ۔یہ اپنی نوعیت کا واحد پروجیکٹ ہے جس میں حروف تحریر کرنے کے لئے انک یا کلر کے بجائے گولڈ اورایلمونیم کا استعمال کیا گیا ہے۔سورہ رحمٰن 6 صفحات پرمشتمل سورہ رحمٰن کے پہلے 2 صفحات پر5 لائنیں جبکہ دیگرصفحات پرہرصفحے پر10 لائنیں ہوں گی۔سورہ رحمان پاکستانی آرٹسٹ شاہد رسام نے تحریر کی ہے۔سورہ رحمٰن 24 جنوری کو پاکستانی پویلین میں پیش کی جائے گی جس کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیربرائے کامرس اورسرمایہ کاری عبدالرزاق داد، متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر،سفارتکار اوردیگراہم شخصیات شرکت کریں گی۔