اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نے پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری ہوں گے۔ وزیراعظم نے پارٹی سے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات 15 مئی سے شروع ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ مئی سے جون تک جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی مربوط پلان سے بلدیاتی انتخابات میں اترے گی اور پنجاب حکومت 5 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کرے گی۔ وفاقی حکومت فنڈز کے اجراء میں پنجاب حکومت سے تعاون کرے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ہم بڑے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بڑے شہر قومی معیشت کی ترقی کے حقیقی انجن ہیں، دیہی سے شہری علاقوں کی نقل مکانی کی وجہ سے شہروں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، بڑے شہروں میں رہائش، ملازمت کے مواقع اور شہری سہولیات کی کمی ہے، ان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکجز پر کام کو تیز کیا جائے اور مختلف ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پالیسی 2021 ء کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسرو بختیار اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ ایس ایم ایز سیکٹرز کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ پالیسی کے اجرائے سے چھوٹے تاجروں کو فائدہ ہو گا۔ حکومت چھوٹے کاروباروں کیلئے لیز پر زمین فراہم کرے گی۔ کاروبار کیلئے تمام مشکلات دور کریں گے۔ کرونا کی نئی لہر آ رہی ہے۔ اکانومی بند نہیں کریں گے۔ کرونا ایس او پیز پر عمل کرائیں گے۔ سب کو ٹیکس دینا ہو گا۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو سندھ حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بڑے شہروں کے رہائشیوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ جیسے بڑے شہروں کی ترقی اور بہتری کے لئے باہمی رابطہ رکھیں اور مربوط مہم چلائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سمال اینڈ میڈیم سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ چھوٹے کاروبار کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان آئی ٹی سیکٹر میں بہت کام کر رہے ہیں، انہیں سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔ حکومت اب آسان لیز پر کاروبار کیلئے پلاٹ دیئے جائیں گے اور سرخ فیتے کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ہماری بیورو کریسی جس میں بڑی قابلیت تھی اس میں میرٹ کا خاتمہ ہو گیا اور وہ افسران جو پہلے سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دیتے تھے وہ رکاوٹیں ڈالنے لگ گئے۔ ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی محکمہ اور افسر زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبہ سمیت کاروبار کے راستے میں رکاوٹیں ڈالے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ملک میں دولت کی پیداوار کیلئے سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری پر بھرپور توجہ دیں گے۔ ریگولیشنز جو راستہ روکنے کا ذریعہ بن گئی ہیں ان کو نرم کریں گے اور چھوٹے سرمایہ کاروں کیلئے بالخصوص آسانیاں اور سہولتیں پیدا کریں گے۔ آنے والے وقت میں پاکستان کو اس کا بہت فائدہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان ساری مشکلات اور مسائل کے باوجود آج پاکستان کی برآمدات ریکارڈ سطح پر ہیں۔ ریکارڈ غیر ملکی ترسیلات زر ہیں، ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے حکومت میں آنے سے پہلے 8 ہزار ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کا اعلان کیا تھا۔6 ہزار ارب روپے کا ہدف حاصل کر لیا ہے، 8 ہزار ارب روپے سے بھی زائد ٹیکس جمع کریں گے۔ اس کیلئے ہم آٹومیشن اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لا رہے ہیں۔ پاکستان میں موبائل فون بننے شروع ہو گئے ہیں۔ مانتا ہوں کہ مشکل وقت ہے لیکن تین سال ہم نے بہت محنت کی ہے جس کے اثرات اب سامنے آ رہے ہیں۔ آنے والا وقت ہماری پالیسیوں کے ثمرات لے کر آئے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) پالیسی کا اجرا کیا اور ایس ایم ایز رجسٹریشن پورٹل پر رجسٹر ہونے والوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔تحریک انصاف کے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
5 شہروں کیلئے اربوں کے منصوبے، 15 مئی کو بلدیاتی الیکشن کی تجویز
Jan 20, 2022