راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں قائمہ کمیٹی برائے ٹیکس امور کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر ندیم رئوف اور چیئرمین کمیٹی فراز فضل نے کی۔ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، نائب صدر طلعت اعوان، سابق صدور کاشف شبیر، اسد مشہدی، میاں ہمایوں، ایگزیکٹو ممبران اور کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فنانس سپلیمنٹری ایکٹ سال 2022 اور منی بجٹ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر چیمبر ندیم رئوف نے کہا کہ پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے کہ سپلیمنٹری بل میں اتنی زیادہ ترامیم لائی گئیں ہیں ۔ عموما ایسی ترامیم مالیاتی بل میں لائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجربرادری معیشت کو دستاویز ی شکل دینے کے خلاف نہیں ہے۔
سپلیمنٹری بل میں کئی غیر ضروری ترامیم لائی گئی ہیں جن کا مقصد ڈاکومنٹیشن کی بجائے ہراسیت میں اضافے کا امکان زیادہ ہے۔ پہلے سے موجود ٹیکس کنندگان پر مزید بوجھ ڈالا گیا ہے۔