اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان مسلم لیگ(ن)مرکزی مجلس عاملہ کے رکن وسابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ(ن) ٹریڈرزونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان نے کہاہے کہ بے حس حکمرانوں نے منی بجٹ پیش کرکے غریب کا چولہا ٹھنڈا کردیاہے،آئی ایم ایف کی غلام حکومت نے پاکستان کو مہنگائی اور بے ر وزگاری کی دلدل میں دھنسا دیاہے۔ا نہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کامقابلہ پی ٹی آئی یا پی پی پی سے نہیں بلکہ ناانصافی، بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی، جہالت اور اندھیروں کے ساتھ ہے،تبدیلی کا سراب عوام کیلئے دردناک عذاب بن گیاہے،عمران نیازی کی طرح عوام خیالی دنیا میںنہیں رہ سکتے۔،مختلف پارٹیوں سے آئے ہوئے نادان لوگ"تاریک انصاف" سے بھی مایوس ہوتے جا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہا انہوںنے قائد میاں نوازشریف سے ملاقات کے بعد ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔سنیئرمسلم لیگی رہنمامیاں عبدالمنان نے مزید کہاکہ حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں اور عوام فاقوں سے خودکشی پر مجبورہوگئے ہیں،بجلی، پٹرول،دالیں اور گھی سمیت اشیاء ضروریہ منی بجٹ سے مزید مہنگی ہوجائیں گی اورمنی بجٹ سے لگنے والوں ٹیکسوں سے کاروبارومزید ختم اور معیشت سکڑ کررہ جائے گی، منی بجٹ لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کامنصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی جھوٹ وعدے ،کمرتوڑ مہنگائی کرنے،سبزباغ دکھانے اور ملک کوتباہ کرنے پر عوام سے معافی مانگیں، حکمران عام آدمی کی مشکلات میںاضافہ کررہی ہیں،بجلی اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ڈرئون حملہ سے کم نہیں،عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے ۔