لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی رواں سال150 سے 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عوام پر لگانے کی منظوری عوام کا معاشی قتل ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور منی بجٹ لانے سمیت کئی ظالمانہ فیصلے عوام دشمنی ہوگی۔جس کی جماعت اسلامی پر زور مذمت کرتی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے حکمرانوں نے مل کر ملک وقوم معاشی، سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔حکومت عوام کو ریلیف فراہم کی بجائے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور مستقبل میں عوام پر مہنگائی کے بم گرانے کی تیاریاں کی جارہی ہے۔ملک میں واحد پارٹی جماعت اسلامی ہے جو عوام کے حقوق کی جنگ اقتدار کے ایوانوں، عدالتوں اور ہر فورم پرلڑرہی ہے۔ اہل لاہور کمرتوڑ مہنگائی اورحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کل گھروں سے باہر نکلیں۔سراج الحق کی قیادت میں مسجد شہدا تا پنجاب اسمبلی ہال تک مہنگائی، بے روزگاری اور آٹا چکن، انڈے، دالیں، چاول سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف مہنگائی مارچ کریں گے۔ مہنگائی مارچ میں وکلائ، ڈاکٹر، اساتذہ، تاجر، مزدور، طلبہ سمیت بڑی تعداد میں بچے، بوڑھے، مرد اور خواتین شرکت کریں گی۔