ورکرفیڈریشن : مہنگائی ،بیروزگاری،نجکاری کیخلاف یوم احتجاج منایا

Jan 20, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ بجلی واپڈا کے کارکنوں نے ملک میں دن بدن ضروریات زندگی کی اشیاء میں بے پناہ مہنگائی‘ نوجوانوں‘ کارکنوں کی بیروزگاری‘ معاشرہ میں امیر و غریب کے مابین بے پناہ فرق میں اضافہ‘ محکمہ بجلی کے لائن سٹاف کی شدید کمی کی وجہ سے لائن سٹاف کے المناک حادثات روکنے‘ محکمہ بجلی کے منافع بخش گدو پاور ہائوس کی مجوزہ نجکاری اور محکمہ بجلی کے کام کی نجکاری کے خلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام ملک بھر میں ’’یوم احتجاج‘‘ منایا۔ ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرکے وزیراعظم پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ درج بالا قومی مسائل کو حل کرائیں۔ لاہور میں ہزاروں کارکنوں نے لاہور پریس کلب  کے سامنے قومی پرچم اوراپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا کر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد جنرل سیکرٹری یونین ہذا نے وزیراعظم پاکستان کو واضح کیا کہ وہ بجلی کے نجی تھرمل پاور ہائوسوں کے فی  یونٹ ریٹ کم کرا کر بجلی کی مہنگائی ختم کرائیں۔ قومی محکمہ بجلی اور پاور ہائوسز کی نجکاری کی بجائے ان کی کارکردگی میں اضافہ کرائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کارکنوں سے باہمی مذاکرات سے کارکنوںکے مسائل حل کرائے ورنہ کارکن اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے پر مجبور ہونگے۔ ریلی کو حاجی  یونس‘ اسامہ طارق‘ رانا عبدالشکور‘ مظفر متین‘ حسن منیر ‘ نوشیر خان‘ لیاقت علی‘ ملکزاہد‘ لیاقت علی ‘ شہباز احمد‘ نوید عاشق ‘ امان اللہ‘ رانا شفیق و دیگر نمائندگان یونین نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں