مانگا منڈی(نامہ نگار)6 ڈاکوؤں نے صبح سویرے ہسپتال روڈ پر ناکہ لگا کر بیسیوں گدھا ریڑھی بانوں رکشوں ،کار سواروں اور موٹر سائیکل سواروں کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر لاکھوں روپے نقدی موبائل فون اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ڈاکوؤں نے ڈولفن پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ اکثر متاثرین سبزی منڈی خریدار ی کیلئے جا رہے تھے۔گزشتہ صبح تقریباََ 6:30پر ڈاکوؤں نے ہسپتال روڈ پر دبئی گارڈن کے سامنے سبزی منڈی کے نزدیک ناکہ لگا کر بیسیوں غریب ریڑھی بانوں رکشہ ڈرائیوروں موٹر سائیکل سواروں اور راہ گیروں کو زبر دستی اسلحہ کے زور پر لاکھوں روپے نقدی موبائل فون اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا۔ ڈاکو ایک گھنٹے تک راہ گیروں کو لوٹتے رہے۔ لوگوں نے سمجھا کہ ڈولفن پولیس نے ناکہ لگا رکھا ہے۔لٹ جانے والوں میں محمد یٰسین ،منشی ،ریاست علی رفیق دودھی ،عاطف و دیگر شامل ہیں۔مانگا منڈی پولیس اس وقت پہنچی جب ڈاکو لوٹ کر جا چکے تھے ۔متاثرین کا مانگا منڈی پولیس کے خلاف شدید احتجاج۔