محکمانہ ترقی ‘رینک میں اضافہ پولیس افسروںکے کیرئیر کا اہم حصہ: آئی جی 

Jan 20, 2023


 لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ پولیس افسران کے کیرئیر کا اہم حصہ اور اس کی ذمہ داریوں میں اضافے کا عکاس ہے ۔ ماتحت سٹاف سے بہتر پرفارمنس لینا سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے لہذا ترقی پانیو الے افسران اپنا کمانڈنگ رول مزید تندہی کیساتھ ادا کریں اور شہریوں کی بے لوث خدمت اور جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسرنہ اٹھا رکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والے پولیس افسران کو بیجز لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میںمنعقدکی گئی جس میں آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان اور ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کیپٹن (ر) احسان طفیل نے ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والے سات افسران کو بیجز لگائے ۔ترقی پانے والوں میں عذیر احمد ، عبدالحنان ، بلال محمود سلہری ، محمد وقاص خان، ماہم خان ، عقیلہ نیاز نقوی اور لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید شامل ہیں ۔ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے پروموٹ ہونے والے افسران کو محکمانہ ترقی پر مبارک باد دی ۔ پروموٹ ہونے والے تمام افسران نے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیزاسٹیبلشمنٹ،ٹریننگ، ویلفیئر اینڈ فنانس ، لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سمیت دیگر افسران اور پروموٹ ہونے والے افسران کے اہل خانہ بھی موجود تھے ۔آئی جی نے کہا ہے کہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوںکے مطابق پولیس فورس کی جدید پیشہ وارانہ بہترین تربیت میری اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ عوام میں پولیس فورس کی عزت و وقار کو بحال کرنے کیلئے ہمیں اپنا احتساب خودکرنا ہوگا۔مجھ سمیت پوری فورس کی تنخواہیں عوام کے ٹیکسوں سے آتی ہیں لہذا ہمیں بھی صیحح معنوں میں عوام کے خدمت گار اور محافظ کا کردارادا کرنا ہے۔ زیرتربیت افسران کے کھانے کیلئے 150 کی بجائے 250 روپے فی کس حکومت سے منظوری لی جائیگی ۔ پولیس ٹریننگ کالجز اور اداروں کا بجٹ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کے ذریعے تقسیم ہونا چاہیے تاکہ وسائل کا زیادہ بہتر اور موثر استعمال ممکن ہوسکے۔  ٹریننگ کالجز میں تربیتی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ غیر نصابی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیاجائے اورپنجاب پولیس کے زیر انتظام تمام ٹریننگ کالجز اور یونٹس کے درمیان آئی جی کپ کے نام سے کرکٹ کا ٹورنامنٹ کروایا جائے۔ انہوں نے پولیس ٹریننگ سہالہ راولپنڈی کا دورہ کیا اور ٹریننگ امور سمیت کالج کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے سہالہ کالج میں سکول آف انویسٹی گیشن اور کیمپس II میں ہاسٹل نمبر 17 کی عمارتوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔

مزیدخبریں