اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے طاقت اور دھاندلی سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا۔ انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن صبح دھاندلی شروع ہوئی۔ پی ٹی آئی کے رہنما امجد آفریدی نے ویڈیو میں بتایا کہ کیسے ایک ہزار ووٹ پولنگ سٹیشن لائے گئے۔ ویڈیو پر دھاندلی کرنے والوں کے بجائے امجد آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا۔ امجد آفریدی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے بھائی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا انتخابی عملے پر دباؤ ڈالا گیا۔ الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آ رہا ہے۔ مینڈیٹ چوری ہونے پر جب عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا۔ کراچی کے خلاف انتہائی خوفناک گیم کھیلا جا رہا ہے۔ ہرطریقے سے کراچی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔جی ڈی اے نے سندھ بھر میں نئے بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ کا ہنگامی اجلاس مسلم لیگ فنانشل ہائوس میں ہوا۔ ترجمان جی ڈی اے کے مطابق جی ڈی اے نے سندھ بھر میں نئے بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔