لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام برادر اسلامی ممالک اور پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتا ہے اور چاہتا ہے۔ ہندوستان سے مذاکرات کا راستہ کشمیر سے جاتا ہے، ہندوستان اگست 2019ء والی پوزیشن پر آئے تو مذاکرات کی بات ہو سکتی ہے۔ پاک ایران سرحد پر پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملہ افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، مجرموں کی گرفتاری اور ان کو پاکستان کے حوالے کرنا ایرانی حکومت کی ذمہ داری ہے، پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی افغانستان سے ہو یا ایران سے قابل قبول نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سلامتی کے ادارے وطن عزیز پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی مذاکرات کی بات کمزوری نہیں بلکہ خطہ کے حالات کے تناظر میں ہے۔ اگر ہندوستان پاکستان کے درمیان مذاکرات سے معاملات بہتر ہوتے ہیں اور کشمیر کے مسئلہ کا کوئی حل نکلتا ہے اور ہندوستان اقلیتوں کے حوالے سے مظالم کا سلسلہ بند کرتا ہے تو یہ مذاکرات کیلئے بہتر وقت ہو گا۔
پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملہ ناقابل قبول ہے : طاہر اشرفی
Jan 20, 2023