نصاب کے معیارات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، امتیاز حسین گیلانی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے چیئرمین سید امتیاز حسین گیلانی نے ضیاء الدین یونیورسٹی میں بیچلر آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (بائیو میڈیکل) نصاب کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی خطاب میں کہا کہ ’ ’ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل (این ٹی ایس) پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں چالیس پروگرام تیار کرنے اور تمام چالیس کے لیے ایک نصاب تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم نے پندرہ مکمل کر لیے ہیں جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔ پالیسی سازوں کے طور پر ہمیں معیارات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور ہم بطور این ٹی ایس یہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ‘ ‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنر کا جزو علم کے جزو سے بالکل مختلف ہے، اور وہ بلاشبہ جڑے ہوئے ہیں، لیکن آج دنیا مہارت کی طرف مائل ہوچکی ہے۔ انجینئرز کو ایک مخمصے کا سامنا ہے، لیکن ہم جیسے اقتدار کے عہدوں پر فائز لوگ حق رائے دہی سے محروم افراد کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔ ایچ ای سی نے پہلے ہی ٹیکنولوجسٹ کے لیے ایک ایکٹ کا حتمی مسودہ تجویز کیا ہے، اور اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ اس پر اب کچھ ہوتا ہے یا نہیں۔اس شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین این ٹی سی کا کہنا تھا کہ میں ضیاء الدین یونیورسٹی کی جانب سے انجینئرنگ کے شعبے میں نئے پروگرامز شروع کرنے کی کوششوں کو سراہتا ہوں، خاص طور پر وہ جن کا مطالعہ اب نصاب کے ساتھ کیا جائے گا۔ ہم نے پرائیویٹ سیکٹر میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ایک مضبوط وژن اور عزم کا مشاہدہ کیا ہے، اور مجھے یقین ہے کہ تعلیم میں مقابلہ معیارات میں مجموعی طور پر اضافے کا باعث بنے گا۔بائیو میڈیکل نصاب کی افتتاحی تقریب میں ضیاء الدین یونیورسٹی کی پرو چانسلر ڈاکٹر ندا حسین نے ضیاء الدین یونیورسٹی میں بی ایس بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی کا نصاب شروع کرنے پر این ٹی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک بحیثیت یونیورسٹی ہم انجینئرنگ کے شعبے میں بہتر نصاب کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہیں گے، اور ہمیں خوشی ہے کہ این ٹی سی نے اس کام کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ڈاکٹر ندا کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں این ٹی ایس نے مسلسل پیشہ ورانہ ترقی فراہم کرنے اور نئے پروگرامز متعارف کرانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ یہ خاص پروگرام جو ہم آج شروع کر رہے ہیں یہ انجینئرنگ کی تعلیم کے میدان میں ایک امید افزا پروگرام ہے۔ اپنے افتتاحی کلمات میں ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان حیدر نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں معلومات باآسانی دستیاب ہیں، ہمیں نصاب کی ترقی میں اپنی کوششوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ یہ نئی نسل کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ ہمیں نصاب کے بارے میں موجودہ تصورات کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے، اور ہمیں اپنے ملک کو درپیش حقیقی، پائیدار مسائل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔اس موقع پر، نصاب کے شریک کنوینر پروفیسر ڈاکٹر علی رضا جعفری نے ایجنڈے کا ایک جائزہ پیش کیا جبکہ تقریب رونمائی میں مختلف معروف انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن