فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی (رجسٹرڈ)فیصل آباد کے صدرحاجی محمدآصف اسلم ،جنرل سیکرٹری راناایوب اسلم منج و دیگر نے کہا کہ حکمران اپنی اور بیوروکریسی کی شاہ خرچیاںختم کریں۔عوام آٹے کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں بدستور جاری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ بجلی، گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے نے عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا ہے۔ وفاقی حکومت سے اس حوالے سے سوال کیا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ مسئلہ یا بحران ملز ایسوسی ایشنز اور صوبائی حکومتوں کا پیدا کردہ ہے اور صوبائی حکومتیں وفاقی کو قصور وار ٹھہرا رہی ہیں مگر غریب عوام اس سارے معاملے میں پس رہے ہیں۔ لوگوں کے لئے 2 وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل سے مشکل بنایا جارہا ہے۔