نواب شاہ (اسلم منیر ) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن کی زیر صدارت تحصیل سکرنڈکے نو منتخب یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور ضلع کاؤنسل کے ممبران کا ایک اجلاس دربار ہال میں منعقد ہوا اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور ضلع کاؤنسل ممبران کا اجلاس منعقد کرنے کا مقصد انکے علاقوں میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، گندے پانی کے نکاس سمیت دیگر میونسپل سروسز کے مسائل کے متعلق معلومات حاصل کرنے اور ان مسائل کو حل کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ میری کوشش ہے کہ ضلع کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیم ، صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس موقع پر تحصیل سکرنڈ کی مختلف یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور ضلع کاؤنسل کے ممبران کی جانب سے اپنے علاقوں میں اسکولوں میں اساتذہ اور سہولیات کی کمی، صحت مراکز کی عمارات خستہ ہال ہونے، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل عملے اور ادویات کی کمی، ڈرینیج سسٹم ناکارہ سمیت دیگر بنیادی مسائل کے متعلق ڈپٹی کمشنر کو تفضیلی آگاہی دی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈسٹرکٹ منیجرپی پی ایچ آئی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں بیسک ہیلتھ یونٹ، گورنمنٹ ڈسپنری اور صحت مرکز کی عمارتیں خستہ ہیں ان علاقوں میں ہر پندرہ دن کے بعد میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جائے جبکہ صحت مراکز میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل عملے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،علاقوں کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یوسی چیئرمینز کی جانب سے اپنے علاقوں کے حوالے سے اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی، اساتذہ اور فرنیچر کی کمی اور نئے اساتذہ کی تقرری کے حوالے سے پیش کئے گئے اعداد شمار کا جائزہ لیکر رپورٹ ڈی سی آفیس کو ارسال کی جائے تاکہ تحصیل سکرنڈ کے مسائل حل کرکے تعلیمی سرگرمیوں کو فعال بنایا جاسکے ۔ آئندہ بھی اجلاس منعقد کرکے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد محمد سلیم جتوئی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھوڑ، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی محمد عارف عباسی، ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت محمد رمضان چنہ، ایکسین پبلک ہیلتھ مظفر حسین زرداری سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور تحصیل سکرنڈ کے یوسی چیئرمینز ، وائس چیئرمینز اور ضلع کاؤنسل کے ممبران نے شرکت کی۔