پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ محمود خان نے نگران وزیراعلیٰ کے لیے اپوزیشن کو نام بھیجنے سے انکار کردیا۔ پی ٹی آئی کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نہ تو اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو نگران وزیراعلی کے لیے نام بھیجیں گے اور نہ ہی مشاورت کے لیے ان کے ساتھ بیٹھیں گے۔ اس سلسلے میں مشاورت ہوئی تو اب پارلیمانی کمیٹی کی سطح پر ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا اکرم درانی کا چار سالوں کے دوران پارلیمان میں کیا کردار رہا ہے جو ان سے مشاورت کریں۔ وزیراعلیٰ محمود خان، نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام پارلیمانی کمیٹی کے لیے سپیکر کو بھجوا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان سے پیپلزپارٹی ضلع دیر کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نچلی سطح پر تمام جماعتوں کا صفایا کر دیا ہے۔ عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملکی مفاد میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ دوسری طرف خیبر پی کے میں نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اپوزیشن لیڈر نے نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر پی ڈی ایم جماعتوں کو اعتماد میں لیا۔ اکرم درانی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوںکے ساتھ مشاورتی عمل جاری رہے گا۔
کے پی، محمود خان
وزیر اعلی خیبر پی کے اکرم درانی کو نام بھیجیں گے نہ مشاورت کیلئے ساتھ بیٹھیں گے شوکت یوسفزئی
Jan 20, 2023