کسانوں کو بین الاقوامی ا ہم منصبوں کے برابر لانے کیلئے کوشاں ہیں:طارق بشیر چیمہ 

Jan 20, 2023


 اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ہمارے کسانوں کو ان کے بین الاقوامی ا ہم منصبوں کے برابر لانے کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی۔وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت وزیر اعظم کی جانب سے زراعت کی پیداوار میں بہتری کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ہوا۔ وزیراعظم نے زرعی پیداوار میں بہتری کے لیے اقدامات تجویز کرنے اور معیاری بیج، ان پٹ اور فارمی مشینری کی دستیابی کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ یہ فورم زرعی شعبے کا جامع جائزہ لینے اور اس کی پیداوار کو بہتر بنانے کے طریقے تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زراعت کے شعبے کو بہتر کرنے اور ہمارے کسانوں کو ان کے بین الاقوامی ہم منصبوں کے برابر لانے کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہئیں۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان سیما کامل نے کمیٹی کو بتایا کہ بینکوں نے وزیراعظم کے کسان پیکج کا 45فیصد مالیاتی ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاری کے مقصد کے لیے 444ارب جبکہ لائیو سٹاک کے لیے 401ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں، جس سے 3.2 ملین کاشتکار گھرانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سیما کامل نے کہا کمرشل بینک جلد ہی فارم میکانائزیشن کے لیے 56بلین کی رقم تقسیم کرنا شروع کر دیں گے۔

مزیدخبریں