کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغان وزیر معدنیات و پیٹرولیم شہاب الدین دلاور سے امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ملاقات کی۔ جس میں وزیر معدنیات وزارت معدنیات و پیٹرولیم کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے تفصیلات فراہم کیں۔وزارت پیٹرولیم کے مطابق شیخ الحدیث شہاب الدین دلاور نے قندھار اور ہرات میں 400 ملین ڈالر کے سیمنٹ کے تین بڑے منصوبوں، لوہے کے پانچ بڑے منصوبوں کو اہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے پنجشیر کے زمردکی کانوں اور دریائے آمو آئل فیلڈ سے تیل کے استخراج کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا اب تک پنجشیر میں زمرد کے 450 کانوں کو لائسنس دیئے جا چکے ہیں، جس سے صوبے کے 10 ہزار افراد کو روزگار ملا ہے۔ آمو آئل فیلڈ میں 18 کنویں فعال ہیں، جن سے روزانہ 1100 ٹن تیل نکالا جا رہا ہے۔ مستقبل قریب میں ہرات آئل فیلڈ ج کو دس بلاکس میں تقسیم کر کے ٹھیکے پر دیا جائے گا۔ کان کنی کے شعبے میں ڈیڑھ لاکھ افراد بالواسطہ یا بلا واسطہ طور پر کام کر رہے ہیں۔