باجوڑ+اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پولیو ٹیم پر حملے میں کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ریسکیو1122 کے مطابق باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے بادسیاہ میں نامعلوم افراد نے موٹر کار پر فائرنگ کی، جس میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمن اور ایک پولیس اہلکار الیاس شامل ہیں۔ ریسکیو1122 باجوڑ کو کال موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو ایمبولینس میں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کئے گئے زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیم حملے کی مذمت انہوں نے انسداد پولیو کے کوارڈینیٹر کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے رضاکاروں پر حملے کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں 'پولیو کے خاتمے کی مہم چلانے والے رضاکاروں پر حملہ کرنے والے مجرم ناقابل معافی ہیں ' راہنماوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔
باجوڑ میں پولیو ٹیم پر حملہ، کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اور پولیس اہلکار زخمی
Jan 20, 2024