اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی فضائی حدود میں اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں میں 50 فیصد تک ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد 450 تک رہی۔ذرائع نے بتایا کہ عام دنوں میں یومیہ 700 سے 750 پروازیں پاکستانی فضائی حدود سے گزرتی ہیں۔دوسری جانب تمام پاکستانی ایئر لائنز کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایرانی سول ایوی ایشن نے نوٹم جاری کیا ہے جس کے تحت ایران نے اپنی فضائی حدود میں بعض مخصوص فضائی روٹس پر کمرشل ایئر لائنز کے طیاروں کو پرواز سے روک دیا ہے۔پاکستان سول ایوی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ پاک ایران سرحدوں پر کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پاکستانی ایئر لائنز کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔یورپ اور سینٹرل ایشیا سے آنے والی پی آئی اے سمیت تمام ملکی ایئرلائنز کو مسقط کے فضائی روٹ سے بحیرہ عرب کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب آنے اور جانے والی پروازوں کو بھی ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا گیا ہے۔یورپ اور ترکیہ سمیت مغربی ممالک سے پاکستان آنے جانے والی پروازوں کو بھی ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر ایران ایوی ایشن نے دنیا بھر کی ایئرلائنز کو نوٹم جاری کرکے اپنی فضائی حدود میں بعض فضائی روٹس کو کمرشل ایئر لائنز کی پروازوں کیلئے بند کرد یا ہے۔سی اے اے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سے مغرب کی جانب جانے والی پاکستانی ایئر لائنز ایران کی بجائے اب مسقط عمان کی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں۔ پی آئی اے کی جن پروازوں کیلئے عمان کی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں وہ فی الحال ایرانی حدود استعمال کر سکتی ہیں۔