ستوکتلہ: پی پی 162 امیدوار کے دفتر کے مین گیٹ کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی 

Jan 20, 2024

لاہور (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) ستوکتلہ کے علاقے میں پیپلزپارٹی کے پی پی 162سے امیدوار  منظر عباس کھوکھر کے دفتر کے مین گیٹ پر نامعلوم افراد نے آگ لگادی اور فرار ہوگئے ہیں۔ منظر عباس کھوکھر کا کہنا ہے کہ ستوکتلہ میں میرے دفتر پر علی الصبح  نامعلوم افراد نے پٹرول بم سے حملہ کیا اور جنریٹر چوری کر کے فرار ہو گئے۔ پٹرول بم سے گیٹ پر لگے تمام بینرز، فلیکسں اور دفتر میں موجود کرسیاں جل گئیں۔ تھانہ ٹاؤن شپ میں پرچہ درج کرانے کے لئے درخواست دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین میری انتخابی مہم سے خوفزدہ ہو کر اوچھی حرکتوں پر اتر آئے ہیں، اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے میری انتخابی مہم کم نہیں بلکہ مزید بڑھے گی۔سینیٹر تاج حیدر انچارج مرکزی الیکشن سیل پیپلز پارٹی نے پی پی 162 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار منظر عباس کے انتخابی دفتر پر حملہ کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔ سینیٹر تاج حیدر نے لکھا ہے کہ منظر عباس کے ستو کتلا میں انتخابی دفتر پر گزشتہ صبح پٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔ جس سے گیٹ پر لگائے گئے بینرز اور پینا فلیکسز جل گئے۔ منظر عباس نے تھانہ ٹاؤن شپ سے رابطہ کیا‘ کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کا تعلق علاقے میں ماکا گروپ سے ہے۔ پی پی 162 این اے 127 سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑ رہے ہیں۔ آئی جی اور سی پی او لاہور کو ہدایت کی جائے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کریں اور مجرموں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کریں اور علاقے میں امن قائم کریں۔

مزیدخبریں