نئی دہلی، سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے منکوٹ سیکٹر میں پی آئی اے لکھا ہوا جہاز نما غبارا ملنے پر بھارتی فورسز کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک جہاز نما غبارے کو برآمد کیا جس پر پی آئی اے لکھا ہوا تھا۔ غبارے کی برآمدگی کے بعد فورسز نے ایک وسیع علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ جبکہ نئی دہلی کی ایک عدالت نے کشمیری نوجوان کو 14 دن کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا ہے۔دہلی پولیس کے خصوصی سیل کے مطابق عسکریت پسند جاوید مٹو کا تعلق حزب المجاہدین سے ہے جو جموں و کشمیر پولیس کو مطلوب اے پلس پلس زمرے کا عسکریت پسند ہے۔ دوسری جانب جموں وکشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے جموں و کشمیر اوربھارتی ریاست راجستھان کے درمیان رتلے بجلی گھر سے40سال کیلئے بجلی کی خریداری کے حالیہ معاہدے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں کیاگیاہے جب جموں و کشمیر کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور اس معاہدے پر کشمیریوںکو شدید تحفظات ہیں۔یوسف تاریگامی نے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی غیر منصفانہ ہے جس کی وجہ سے کشمیری عوام معاشی طورپر مزید پسماندہ ہوں گے اورانہیں مزید لوڈ شیڈنگ کاسامنا کرناپڑے گا۔