اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں سکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ سکیورٹی اہلکار تمام پولنگ سٹیشنز میں ڈیوٹی پر موجود ہوں گے اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بیلٹ پیپرز کی باحفاظت نقل وحرکت کے ذمہ دار ہوں گے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی ووٹر کے پولنگ سٹیشن میں داخلے کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا اور سکیورٹی اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکار کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کرے گا اور انتخابی عمل کے دوران وہ غیر جانبدار رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مواد کی ترسیل، پولنگ، گنتی اور نتائج مرتب ہونے تک سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔ جبکہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ سٹیشنز تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ بیلٹ پیپرز کی آر اوز تک ترسیل پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ سکیورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملے کے فرائض انجام نہیں دے سکتا اور نہ ہی انتخابی مواد کو اپنی تحویل میں لے سکتا۔ ضابطہ اخلاق کے تحت پریذائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ سٹیشن سے گرفتار نہیں کرسکتا اور کسی بھی واقعے پر پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر کارروائی نہیں کر سکتا۔ اس کے علاوہ سکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا اور انتخابی عمل کے دوران مکمل طور پر غیرجانبدار رہے گا۔ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے الگ ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمشن نے سکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
Jan 20, 2024