ذکاء اشرف چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے عہدے سے مستعفی

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا ء اشرف نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ذکاء اشرف نے بطور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اور ممبربورڈ آف گورنر سے استعفیٰ دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کر رہا تھا، اس طرح ہمارے لیے کام کرناممکن نہیں۔ میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اب وزیر اعظم پر منحصر ہے کہ وہ کس کو نامزد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ  چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن گزشتہ سال 5 جولائی کو جاری ہوا تھا جس کی مدت 4 ماہ تھی۔بعد ازاں گزشتہ سال نومبر میں نگران وزیراعظم کی طرف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈذکا اشرف کو ورلڈکپ تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق شاہ خاور قائم مقام چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ہوں گے، ان کی نگرانی میں نئے الیکشن ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن