لاہور (نامہ نگار) تھانہ شمالی چھاؤنی کی چوکی نادر آباد پولیس کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں 2 بچوں کا باپ 26سالہ عمران حسین دم توڑ گیا۔ لواحقین کے مطابق پولیس چوکی نادرآباد محلے میں جھگڑے کے بعد ایک محلہ دار کو اٹھانے آئی تو عمران حسین نے پولیس کوروکا۔جس پر پولیس عمران حسین کو ہی تشدد کرتے ہوئے چوکی لے گئی۔ جس کے بعد پولیس اہلکار عمران حسین کی لاش رکشے میں ڈال کر گھر لائے اور کہا کہ اس کو سنبھالو یہ بیمار ہے۔ ہم عمران حسین کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لے کر گئے تو پتہ چلا کہ اس کی تو کئی گھنٹے پہلے ہی موت واقع ہوچکی ہے۔ علاقے کے مکینوں نے کہا کہ انچارج چوکی نادرآباد رانا اسد اور شبیر اے ایس آئی لڑکے کو لے کر چوکی گئے جبکہ دو لڑکوں کو 30 ہزار روپے لے کر چھوڑا گیا۔ متوفی عمران حسین کی والدہ نے کہنا کہ اس کے بیٹے کو چوکی نادرآباد پولیس نے صبح 9 بجے پکڑا اور شام 6 بجے گھر کے دروازے پرمردہ حالت چھوڑ کر چلے گئے۔اعلی حکام ہمیں انصاف دلائیں۔ پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر ورثاء اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا ہے۔