لاہور (نمائندگان+ این این آئی) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لیے رکھا جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور خواتین سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جبکہ دھند کے باعث فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا جس کی وجہ سے 12پروازیں منسوخ ہوئیں اور 6متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔ اوکاڑہ میں ٹریفک کے 3 مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 8افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پہلا حادثہ بائی پاس، دوسرا کینٹ کے قریب اور تیسرا حادثہ فیصل آباد روڈ پر ہوا۔ مرنے والے شخص کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی۔ چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ٹریفک حادثات میں پانچ خواتین سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے جن کو فوری ہسپتال پہنچا دیا گیا۔سیالکوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق دبئی سے سیالکوٹ آنے والی پرواز ایف زیڈ 337، مسقط سے سیالکوٹ آنے والی پروائز او وی505، دوحہ سے سیالکوٹ آنے والی پرواز کیو آر 626 اور جدہ سے سیالکوٹ آنے والی پرواز پی کے 746 کو لاہور ائیر پورٹ پر اتار دیا گیا۔ جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے بحرین اور دبئی جانے والی دو پروازیں بھی گہری دھند کے باعث منسوخ کر دی گئیں۔قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گنڈا سنگھ والا روڈ مان کے قریب شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثہ میں بس ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔