پاکستان  امریکہ تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں،مسعود خان 

Jan 20, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات فوجی اور غیر فوجی دونوں شعبوں میں مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن ڈی سی کے معروف یونیورسٹی کلب میں ایک بڑی تعداد میں شرکا سے گفتگو کے دوران سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے حال ہی میں شروع کئے گئے پلیٹ فارم کی افادیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شراکت دار ہونا چاہیے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ عوامی سطح پر رابطے کے لئے بات چیت جاری رکھنی چاہیئے۔ کلب کی بین الاقوامی کمیٹی نے پاکستانی سفیر مسعود خان کو مختلف موضوعات پر بات کرنے کے لئے شرکت کی دعوت دی تھی۔ اس موقع پر تھنک ٹینک کمیونٹی کے ارکان، تاجر، کاروباری افراد، رائے ساز اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔ پاکستانی سفیر نے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں 80 امریکی کمپنیوں کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو پاکستان میں کئی دہائیوں پر محیط کمپنیوں کے تجربے اور ملک میں ان کے موجودہ سرمایہ کاری کے انفراسٹرکچر کی وجہ سے مسلسل فائدہ ہو رہاہے۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے حالیہ معاہدے کو تبدیلی لانے والا قرار دیتے ہوئے ، اعلی تعلیم، تحقیق وترقی اور ٹیکنالوجی میں تعاون کے شعبوں میں اس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔  ایک مختصر سوال و جواب کے سیشن کے بعد پاکستانی سفیر مسعود خان نے انہیں مدعو کرنے اینڈریو گڈون اور یونیورسٹی کلب کی بین الاقوامی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں