لاہور (خبرنگار+آئی این پی) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک 73 سالہ بوڑھی خاتون سے ڈر کر اندر ببیٹھا ہوا ہے۔ نواز شریف باہر نکلیں تو ان کو لوگ بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ورکرز اور سپورٹرز کو میری انتخابی مہم نہیں کرنے دی جا رہی، میرے آفس سے ملازموں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو عوام گھروں سے باہر ضرور نکلیں اور ووٹ کا حق استعمال کریں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرے۔ حفاظت نہ کی تو عوام کے ووٹ چور لوٹ لیں گے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے زمان پارک کے باہر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کارکنان شاکر نواز اور نور اللہ خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا۔