لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے سابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں کبھی کسی کو نہیں چھوڑا۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آٹھ فروری کو پی ٹی آئی کے نامزد افراد ہی کامیاب ہوں گے۔ چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں اور ان میں عوام کا سامنا کرنے کی جرات نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف اجتماعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ہمیں آزادانہ الیکشن مہم چلانے نہیں دی جا رہی۔ ہمارے امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی میں خوف و ہراس پھیلا کر کسے خوش کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کے باوجود ہم سیاسی مقابلے کیلئے تیار ہیں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیند حرام ہے: پرویز الٰہی
Jan 20, 2024