لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ جن کا دعوی تھا معاملات طے ہیں، ان کا حال عوام نے دیکھ لیا، نئے دور کے نئے تقاضے ہیں۔ یہ کام صرف شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ بینظیر شہید کا لاڈلا ہی کرسکتا ہے۔ تمام اہلیان پنجاب کو دعوت دیتی ہوں نئی سوچ کو چنو۔ وہ گزشتہ روز کرکٹ گراؤنڈ ٹاؤن شپ میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، ذوالفقار علی بدر، میاں مصباح، عثمان ملک، عدنان سرور گورسی، منظر عباس کھوکھر اور فیاض بھٹی کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ شہلا رضانے ن لیگ کا نام لئے بغیر کہا کہ ان کے پاس کوئی نئی سوچ نہیں ہے، کوئی پروگرام نہیں ہے، لیکن یہ بات منشور کی ہے معیشت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آپ کے سامنے وہ پارٹی کھڑی ہے جس کے گھر جنازے گئے ہیں۔ سڑکیں بھی بنیں گی لیکن ہم پہلے صحت پر توجہ دیں گے، ہم غریبوں کو شمسی توانائی پیدا کرکے تین سو یونٹ مفت بجلی دیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری اسلم گل نے کہا کہ ہم آج اہل لاہور کو بتانا چاہتے ہیں یہ ہماری جلسہ گاہ ہے،21 جنوری کو ایک بجے بلاول بھٹو ٹاؤن شپ کے اس گراؤنڈ میں جلسہ کریں گے۔