اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور یونیسیف میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(نمائندہ  خصوصی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیسیف پاکستان نے باہمی تعاون کے ذریعے پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور یونیسیف پاکستان کے نمائندہ عبداللہ اے فاضل نے مفا ہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے صحت و تعلیم، بچوں کے تحفظ، ہنرمندی کی ترقی ، موسمیاتی تبدیلی ، غذائیت، پینے کے صاف پانی، صفائی، حفظان صحت اور سماجی تحفظ سمیت دیگر شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے یونیسیف پاکستان کی کوششوں کو سراہا جس وجہ سے خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کم ہو رہی ہیں۔ پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیسیف پاکستان آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کیلئے کوشش کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن